باغ و بہار (برقی اشاعت ادبیات عالیہ کتاب 1)

باغ و بہار (برقی اشاعت ادبیات عالیہ)

برقی اشاعت ادبیات عالیہ  پراجیکٹ کا مقصد یہ ہے کہ اردو ادبیات عالیہ کے خزانہ کو کتب خانوں اور پی ڈی ایف فائلوں سے نکال یونیکوڈ شکل دی جائے اور اسے ہر خاص و عام کے لیے قابل رسائی بنایا جائے۔ پراجیکٹ عظیم ہے لیکن افراد کار مٹھی بھر جن کے عزائم بلند ہیں اور وسائل محدود۔ اگر ہر اردو داں روزانہ اپنے لمحات فرصت کی کچھ گھڑیاں اس پراجیکٹ کی نذر کرے تو کوئی بعید نہیں کہ اردو کا یہ سارا خزانہ Text کی صورت میں انٹرنیٹ پر محفوظ ہو جائے۔ کتابوں کی ٹائپنگ کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا گیا ہے۔




 30 جولائی 2020ء کو اس پراجیکٹ کی جانب سے پہلی کتاب میر امن دہلوی کی باغ وبہار پیش کی جا رہی ہے۔ کتاب کا یونی کوڈ متن اردو محفل کے ارکان کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ہے اور سرورق بھی انہی کا تیار کردہ ہے۔ البتہ ہم نے اس کے متن کو ای بک کی شکل میں مرتب اور ضروری فارمیٹنگ سے مزین کیا۔ 

 

باغ و بہار میر امن دہلوی کی تصنیف کردہ ایک داستان ہے جو اُنھوں نے فورٹ ولیم کالج میں جان گلکرسٹ کی فرمائش پر لکھی۔ عام خیال ہے کہ باغ و بہار کو میر امن نے امیر خسرو کی فارسی داستان قصہ چہار درویش سے اردو میں ترجمہ کیا ہے لیکن یہ خیال پایہ استناد کو نہیں پہنچتا۔ باغ و بہار فورٹ ولیم کالج کی دین ہے جو انگریزوں کو مقامی زبانوں سے آشنا کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا اور یہیں میر امن نے باغ و بہار کو جان گل کرائسٹ کی فرمائش پر میر حسین عطا تحسین کی نو طرز مرصع سے استفادہ کرکے تصنیف کیا۔ اس طرح یہ داستان اردو نثر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اسے بجا طور پر جدید اردو نثر کا پہلا صحیفہ قرار دیا گیا ہے۔ اس داستان کی اشاعت کے بعد اردو نثر میں پہلی مرتبہ سلیس زبان اور آسان عبارت آرائی کا رواج ہوا اور آگے چل کر غالب کی نثر نے اسے کمال تک پہنچا دیا۔ اسی بنا پر مولوی عبدالحق کا کہنا ہے کہ اردو نثر کی ان چند کتابوں میں باغ و بہار کو شمار کیا جاتا ہے جو ہمیشہ زندہ رہنے والی ہیں اور شوق سے پڑھی جائیں گی۔ بقول سید محمد، "میر امن نے باغ و بہار میں ایسی سحر کاری کی ہے کہ جب تک اردو زبان زندہ ہے مقبول رہے گی اور اس کی قدر و قیمت میں مرورِ ایام کے ساتھ کوئی کمی نہ ہوگی۔" نیز سید وقار عظیم کے الفاظ میں "داستانوں میں جو قبول عام باغ و بہار کے حصے میں آیا ہے وہ اردو کی کسی اور داستان کو نصیب نہیں ہوا"۔

 کتاب کی پی ڈی ایف ذیل کے ربط سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ اس فائل کی فہرست عناوین clickable ہے یعنی آپ فہرست میں درج کسی عنوان پر کلک کریں تو متعلقہ صفحہ پر جا پہنچیں گے۔

باغ و بہار (آرکائیو ویب سائٹ لنک)


تبصرے

مشہور اشاعتیں