‎لکھنو ‏کا ‏عہد ‏شاہی (برقی اشاعت ادبی عالیہ کتاب 13)

*مجلس برقی اشاعت ادبیات عالیہ* کی جانب سے *تیرھویں کتاب* پیش ہے۔ 

*تفصیلات*
نام: لکھنؤ کا عہد شاہی
مصنف: خواجہ عبد الرؤوف عشرتؔ لکھنوی
ٹائپنگ: فضل الرحیم
سرورق: Yethrosh
پروف خواں: Yethrosh

20 ستمبر 2020ء کو مجلس برقی اشاعت ادبیات عالیہ کی جانب سے تیرھویں کتاب *لکھنؤ کا عہد شاہی* یونی کوڈ متن میں پیش کی جا رہی ہے۔



اردو کے دو اہم مراکز دہلی اور لکھنؤ کی تہذیبی زندگی سے متعلق کتابوں کی اشاعت ہمارے پیش نظر ہے۔ دہلی سے متعلق کتابیں عام اور متداول ہیں لیکن لکھنؤ کی متنوع تہذیبی زندگی پر لکھی جانے والی کتابیں اور مضامین بہت کم دستیاب ہیں۔ جن ادبا نے لکھنوی تہذیب کو اپنا مرکز توجہ بنایا اور اس پر مسلسل لکھا، ان میں عشرت لکھنوی نمایاں ہیں۔ سید سلیمان ندوی نے یاد رفتگاں میں اور جعفری صاحب نے دید و شنید میں جن بلند کلمات کے ساتھ ان کا ذکر کیا ہے، وہ ہم سب کے لیے سند ہیں۔ لکھنوی ادیبوں میں جن کی زبان ہمیں بہت پسند ہے، ان میں عشرت سرفہرست ہے۔ 
عشرت نے لکھنؤ اور لکھنوی تہذیب کے متعدد گوشوں پر بیسیوں مضامین لکھے تھے جو اب آہستہ آہستہ ناپید ہو رہے ہیں۔ خود عشرت کے حالات بھی کم ملتے ہیں۔ اردو ویکیپیڈیا میں ان پر مفصل مضمون موجود ہے جسے درج ذیل پر دیکھا جا سکتا ہے:



زیر نظر کتاب عشرت کے تین مضامین کا مجموعہ ہے: 
1۔ دربار شاہان اودھ
2۔ شاہان اودھ کی بے تعصبی
3۔ لکھنؤ کا شاہی زمانہ

اس کتاب میں انہوں نے لکھنؤ کے عہد شاہی کی درباری و تہذیبی زندگی کا بڑا مبسوط نقشہ کھینچا ہے۔ اس کتاب کو پڑھ کر شاہان اودھ کی روزمرہ مصروفیات، مراسم دربار، رعایا سے ان کا تعلق، عدل و انصاف، بے تعصبی اور رواداری کا پورا نقشہ آنکھوں میں پھر جاتا ہے۔ عشرت نے فقط اس عہد کی خوبیوں پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اس کی برائیوں پر بھی کچھ روشنی ڈالی ہے۔ ہم شرر اور سرشار کی زبانی لکھنؤ کے بانکوں کا ذکر پڑھ چکے تھے، اب اس کتاب میں لکھنؤ کے ایک نامی چور میر صاحب کا تذکرہ پڑھیں اور لطف لیں۔

لکھنؤ کے ادب و ثقافت پر عشرت کے بیسیوں مضامین مختلف جرائد و مجلات میں شائع ہوئے تھے جن کا ایک مجموعہ قرطاس، کراچی سے مہ جبین زیدی نے شائع کیا ہے۔ افسوس کہ یہ مجموعہ اب تک ہمیں دستیاب نہیں ہو سکا۔ ہندوستان کے ایک دور افتادہ مقام پر بیٹھ کر اردو ادب عالیہ کی جن کتابوں تک رسائی ممکن ہے، وہ آہستہ آہستہ آپ حضرات کے سامنے یونی کوڈ شکل میں آرہی ہیں۔ دعا کیجیے کہ اردو کے اس خزانے کو عالمی معیار پر پیش کرنے کا یہ حوصلہ ہمیشہ برقرار رہے۔

حسب دستور اس کتاب کے یونی کوڈ متن کو ویکی سورس پر رکھا گیا ہے اور ساتھ ہی آرکائیو پر اس کے پی ڈی ایف، ٹیکسٹ اور ڈاکیومنٹ (ورڈ فائل) نسخے اپلوڈ کیے گئے ہیں جنہیں درج ذیل ربط سے حاصل کیا جا سکتا ہے: 



تبصرے

مشہور اشاعتیں